غیر قانونی ڈریس کوڈ کا فیصلہ نافذ کرنے والے کالج کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ
ممبئی کے ایک ایڈووکیٹ نے کالج کو لگل نوٹس بھیجنے جانے کی دھمکی دی
چیمبور اچاریہ کالج میں لڑکیوں کو برقعہ نہ پہننے دینے کا فرمان جاری کیا ہے جس کی گنج اسمبلی تک پہنچ گئی ہے۔سابق وزیر اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر عارف نسیم خان نے ایک تحریری خط بھیج کر چیمبور ٹرامبے ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام این جی آچاریہ کالج کے خلاف غیر قانونی ڈریس کوڈ نافذ کرنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ وزیر اعلیٰ شندے وزیر داخلہ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے کیا ہے۔
نسیم خان نے اپنے خط میں کہا کہ ریاست مہاراشٹرا ترقی پسند سوچ کی ریاست ہے اور آئین میں فرد خود مختار ہے اور تعلیم کا بنیادی حق معاشرے کے ہر ذات اور قبیلے کو دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ممبئی کے مضافاتی علاقے چیمبور میں چیمبر ٹرامبے ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام این جی آچاریہ کالج نے 11ویں اور 12ویں کلاس میں پڑھنے والے طلباء کے لیے ڈریس کوڈ پہننے کے فیصلے کا اعلان غیر قانونی طور پر محکمہ تعلیم کے کسی اصول کے بغیر کیا ہے۔ ضابطہ لباس کی وجہ سے برقعہ پوش اقلیتی طبقے کے طلبہ کا کالج میں داخلہ نہیں دیا گیا ۔جس سے لوگوں میں کافی بے اطمینانی پھیلی ہوئی ہے۔ کالجوں کی اس طرح کی کارروائی آئین کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ نسیم خان نے این جی اچاریہ کالج، پرنسپل اور چیمبر ٹرامبے ایجوکیشن سوسائٹی کے بورڈ آف مینجمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری ایکشن لیں اور غیر قانونی قرار دیے گئے فیصلے کو منسوخ کریں۔ممبئ کے ایڈووکیٹ ندیم صدیقی نے کالج کو ای میل کے ذریعے کہا ہے کہ تین دنوں میں میں برقعہ کے تعلق سے وضاحت کرے ورنہ لگل نوٹس بھیجی جائیگی ۔