top of page

والدین کی تربیت،بچوں کی کامیابی صرف تعلیم تک محدود نہیں، والدین اپنے روّیے میں بھی تبدیلی لائیں: شیخ عبد الوحید

28 October 2024


میرا روڈ: این ایچ انگلش اکیڈمی میں جماعتِ اسلامی ممبئی میٹرو شعبہ خواتین کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر 2024 کو والدین کے لیے "پرورش" کے عنوان سے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد والدین کی رہنمائی اور تربیت تھی۔ اس پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد میرا روڈ کی مقامی ناظمہ نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔

پروگرام میں میکانیکل انجینئر، موٹیویشنل لیکچرر، اور نفسیات کے گریجویٹ شیخ عبد الوحید نے "بچوں کی تعلیمی رہنمائی میں والدین کا کردار" کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیرنٹنگ ایک حساس اور چیلنجنگ فیلڈ ہے جس میں وقت کے ساتھ تبدیلی ضروری ہے۔ بچوں کی تربیت کے حوالے سے انہوں نے زور دیا کہ بچے ایک صاف سلیٹ کی مانند ہوتے ہیں اور یہ والدین پر منحصر ہے کہ وہ انہیں کس طرح پروان چڑھاتے ہیں۔

 شیخ عبد الوحید نے کہا کہ بچوں کی کامیابی کا معیار صرف تعلیمی نتائج نہیں ہیں۔ آج کل بچوں میں ذہنی صحت کے مسائل، جیسے ڈپریشن اور انزائٹی عام ہو گئے ہیں، جس پر والدین کو سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کو اپنے بچوں سے ایسا تعلق قائم کرنا چاہیے کہ بچے کسی بھی مسئلے پر ان سے بات کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔

ورکشاپ میں تقریباً 80 والدین نے شرکت کی اور اس انٹرایکٹو پروگرام کو سراہا۔ والدین نے آئندہ بھی ایسے ورکشاپس کے انعقاد کی درخواست کی اور بھرپور شرکت کا عزم ظاہر کیا۔

bottom of page