top of page

مہاراشٹر انتخابات میں EVM ہیکنگ کا جھوٹا دعوی کرنے والے کے خلاف ممبئی سائبر پولیس نے ایف آئی آر درج کی

1 December 2024


ممبئی،مہاراشٹر میں انتخابات کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) کے ہیک کرنے کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے پر  ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس ویڈیو میں ایک شخص نے ای وی ایم کی فریکوئنسی کو الگ تھلگ کر کے ہیک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ 

اس ویڈیو کے خلاف مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی شکایت پر ممبئی سائبر پولیس نے ایف آئی آر نمبر 0146/2024 درج کر لی ہے۔ یہ مقدمہ 30 نومبر کی رات سائبر پولیس اسٹیشن، جنوبی ممبئی میں درج کیا گیاہے۔ متعلقہ شخص کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) 2023 کی دفعہ 318/4، اور آئی ٹی ایکٹ 2000 کی دفعہ 43(g) اور 66(d) کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ 

 الیکشن کمیشن آف انڈیا نے واضح کیا ہے کہ ای وی ایم ایک خودمختار مشین ہے جو کسی بھی نیٹ ورک، بشمول وائی فائی یا بلوتوتھ سے منسلک نہیں ہو سکتی۔ اس لیے ای وی ایم کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ 

سپریم کورٹ بھی متعدد مواقع پر ای وی ایم پر اعتماد ظاہر کر چکی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ای وی ایم کے بارے میں مفصل سوالات کے جوابات شائع کیے ہیں تاکہ عوام کے ذہنوں میں موجود کسی بھی شک یا غلط فہمی کو دور کیا جا سکے۔ 

قابلِ ذکر ہے کہ اسی شخص کے خلاف 2019 میں بھی دہلی میں جھوٹے دعوے کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی، یہ شخص کسی دوسرے ملک میں چھپا ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) سے چھیڑ چھاڑ کے جھوٹے دعوے کرنے، غلط معلومات پھیلانے یا اس مسئلے کو سنسنی خیز بنانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سرگرمیاں جرم ہیں اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔  الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جھوٹے دعوے کرنا اور عوام کو گمراہ کرنا ایک سنگین جرم ہے، اور ایسا کرنے والے کسی بھی فرد کو بخشا نہیں جائے گا۔

bottom of page