top of page

ممبئی کی ایک مسجد میں اچانک 50 سے زیادہ ہندو پہنچ گئے

ممبئی ( محمد ریحان)ممبئی کے وکرولی کی مسجد محمدیہ کے ہال میں جمعہ کو کچھ الگ منظر دیکھنے کو ملا۔ دراصل، یہاں تقریباً 50 سے زیادہ غیر مسلموں کو بلایا گیا تھا۔ انہیں عید میلاد کے جلوس کے حوالے سے کی جا رہی میٹنگ میں شامل کیا گیا تھا۔ مدرسہ اور مسجد محمدیہ کے سیکرٹری خورشید صدیقی کی قیادت میں اس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں غیر مسلم گروپ نے نماز کے طریقہ کار، مسجد، اسلام اور امام کے طور طریقوں کو جانا۔ غیر مسلموں نے تقریباً ایک گھنٹہ مسجد میں گزارا۔خورشید صدیقی نے کہا کہ خدا یا بھگوان کے گھر میں تالا چابی نہیں ہونی چاہیے، یہ سب کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلموں کو یہاں بلایا گیا ہے تاکہ انہیں بھی معلوم ہو کہ ہم مسجدوں میں کیا کرتے ہیں۔ مسجدوں کے حوالے سے جو غلط فہمیاں پھیلائی گئی ہیں، انہیں دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ نمازیوں کو چھوڑ کر جنہیں کرسی پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے، عام طور پر مساجد میں کرسیاں نہیں رکھی جاتیں، لیکن ہندو لوگوں کے مسجد میں آنے پر انہیں کرسیوں پر بٹھایا گیا۔مسجد کا دورہ کرنے والے ایک ہندو شخص نے کہا کہ وہاں جاکر مجھے بہت خوشی ہوئی۔ مسجد کے بارے میں اکثر کئی مختلف باتیں کہی جاتی ہیں، لیکن مسجد ایک عبادت خانہ کے علاوہ کچھ نہیں ہے، جہاں مسلمان اجتماعی طور پر نماز ادا کرتے ہیں۔ اس طرح کی پہل سے امن اور بھائی چارہ بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں نے مسجدوں میں ہمارا استقبال کیا، اسی طرح مسلمانوں کے لیے مندر، گردوارے اور چرچ کھولے جانے چاہیے۔مسجد کے دورے کے دوران ہندو لوگوں نے کئی دلچسپ سوالات بھی پوچھے۔ ایک شخص نے پوچھا کہ کیا اللہ کائناتی توانائی کا دوسرا نام ہے؟ جس پر انہیں بتایا گیا کہ مسلم عقیدے کے مطابق اللہ ایک بے شکل طاقت ہے جو خود مختار ہے اور دونوں عالم کو چلاتا ہے۔ ایک شخص نے پوچھا کہ مسلمان داڑھی کیوں رکھتے ہیں، جس پر بتایا گیا کہ مسلمان پیغمبرانہ روایت کے حصے کے طور پر داڑھی رکھتے ہیں۔امام مفتی محمد شرف عالم قاسمی نے کہا کہ مسجد میں ہندو لوگوں کے اس سفر کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ انہیں بھی واقعی معلوم ہو سکے کہ مسجدوں میں ہوتا کیا ہے۔ شام کی نماز کے وقت ہندو لوگوں کو ایک کمرے میں بٹھایا گیا اور ان کے سامنے مسلمانوں نے نماز ادا کی۔

Comentários


bottom of page