ممبئی 14 اکتوبر ( محمد ریحان )اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے عام گاڑی مالکان کو بڑا ریلیف دیا ہے۔ ممبئی میں داخل ہونے والے راستوں پر واقع پانچوں ٹول ناکوں پر ہلکی موٹر گاڑیوں (ایل ایم وی - لائٹ موٹر وہیکل) کو مکمل ٹول معافی دی جائے گی۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں اس حوالے سے بڑا اعلان کیا گیا ہے۔ آج رات بارہ بجے سے اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ اسمبلی انتخابات سے قبل اس ماسٹر اسٹروک کو حکمران جماعت کی ایک اہم حکمت عملی قرار دیا جا رہا ہے۔
کون کون سے ٹول ناکے شامل ہیں؟
دہیسر، ملنڈ - ایل بی ایس، آنند نگر، ایرولی اور واشی کے یہ پانچ ٹول ناکے جہاں سے ممبئی میں داخلہ ہوتا ہے، ان پر ہلکی گاڑیوں کے لیے مکمل ٹول معافی دی جائے گی۔ ابھی تک ہلکی گاڑیوں سے 45 روپے ٹول لیا جاتا تھا، جس سے اب گاڑی مالکان کو ریلیف ملے گا۔ پچھلے کئی اجلاسوں میں اہم فیصلے کیے گئے تھے اور اس اجلاس میں بھی کئی اہم اعلانات ہونے کی توقع تھی۔ پچھلے تین کابینہ اجلاسوں میں 30 سے زائد فیصلے کیے گئے ہیں اور اس میں عام گاڑی مالکان کے لیے بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔
کیا کسانوں کے لیے بھی کوئی اعلان ہوگا؟
لوک سبھا انتخابات میں کسانوں کے مسائل پر حکومت کو دھچکا لگا تھا، اسی لیے کابینہ کے اجلاس میں کسانوں کے لیے بھی اہم اعلانات ہونے کی توقع ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ حکومت کسانوں کے لیے قرض معافی اسکیم کا اعلان کرے گی۔
آخری کابینہ اجلاس؟
کل، اتوار کے دن، چھٹی کے باوجود سماجی انصاف کے محکمہ نے سات سرکاری فیصلے جاری کیے تھے۔ آج صبح 9:30 بجے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں کابینہ کا ایک اور اجلاس ہوا جسے ممکنہ طور پر موجودہ کابینہ کا آخری اجلاس قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اجلاس کو الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطہ اخلاق کے نفاذ کی تیاری سمجھی جا رہی ہے۔