ممبئی 10 اکتوبر 2024( محمد ریحان )ریاست مہاراشٹر میں مدارس کے ڈی ایڈ اور بی ایڈ اساتذہ کے مشاہرے میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ آج وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔ مدارس کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے ڈاکٹر ذاکر حسین مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم کے تحت یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت مدارس میں ریاضی، سائنس، سماجیات، ہندی، مراٹھی، انگریزی اور اردو جیسے مضامین کی تدریس کے لیے عارضی بنیادوں پر اساتذہ کی تقرری کی جاتی ہے۔ فی الوقت ڈی ایڈ اساتذہ کو 6000 روپے ماہانہ مشاہرہ دیا جا رہا تھا، جسے بڑھا کر 16000 روپے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، سیکنڈری مضامین پڑھانے والے بی اے-بی ایڈ اور بی ایس سی-بی ایڈ اساتذہ کا مشاہرہ 8000 روپے سے بڑھا کر 18000 روپے کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد مدارس میں جدید تعلیمی نظام کو فروغ دینا اور اساتذہ کی معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔
مولانا آزاد کارپوریشن کے سرمائے میں 300 کروڑ روپے کا اضافہ: اقلیتی طبقات کو مزید مالی امداد
مولانا آزاد اقلیتی اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کے سرمائے کو 700 کروڑ روپے سے بڑھا کر 1000 کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ آج کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے کی۔ اس فیصلے کا مقصد اقلیتی طبقے کی مالی امداد کو مضبوط بنانا اور انہیں مختلف قرضوں اور مالی اسکیموں سے مستفید کرنا ہے۔
مولانا آزاد کارپوریشن اقلیتی طبقات کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے مختلف قرض اور مالی امدادی اسکیمیں چلاتی ہے۔ سرمایہ میں اس اضافے کے بعد، اقلیتی برادری کو کاروبار، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مزید مدد فراہم کی جا سکے گی۔