29 November 2024
ممبئی: جنوبی ممبئی کے لوئر پریل علاقے میں واقع گنپت راؤ قدم مارگ پر گیس لیک ہونے کی وجہ سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ ٹیم نے پل کے نیچے سے سڑک کو ہر طرف سے بند کر دیا، جس کی وجہ سے کئی کلومیٹر طویل ٹریفک جام ہو گیا۔گیس لیک کا مقام سیناپتی باپٹ مارگ اور گنپت راؤ قدم مارگ کے درمیان پل کے نیچے جنکشن پر ہے۔ پولیس نے اس جنکشن کو بند کر دیا، جس کی وجہ سے دونوں سڑکوں پر بھاری ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔ ورلی سے لے کر دلال روڈ برج اور کری روڈ برج تک ٹریفک جام کا اثر ہوا ہے۔ چرچ گیٹ کی طرف سے آنے والی گاڑیوں کو بھی جنکشن سے پہلے روک دیا گیا۔ گھر واپس لوٹتے لوگ شام کے وقت جام میں پھنس گئے۔سیناپتی باپٹ مارگ پر گاونڈے چوک کے قریب پانی کی پائپ لائن میں لیکیج کی مرمت کے لیے جمعہ کی شام سے سڑک کی کھدائی ہو رہی تھی۔ شبہ ہے کہ کھدائی کے دوران پی این جی گیس لائن کو نقصان پہنچا، جس کی وجہ سے علاقے میں گیس کی بو پھیلنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔فائر بریگیڈ کے مطابق، گیس لیک کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں روانہ کی گئی ہیں۔ گیس ایک مین ہول کے چیمبر سے لیک ہو رہی ہے۔ یہ علاقہ پینینسولا کارپوریٹ پارک، بزنس پارک اور رہائشی بستیاں پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ فائر بریگیڈ گیس لیک کی وجوہات کا پتا لگانے میں مصروف ہے۔