top of page

قبرستان، پارک، اسپتال، میونسپل اسکول اور کھیل کے میدان کے لئے چیمبور واشی ناکہ میں زمین حاصل


ممبئی( محمد ریحان)برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے عوامی فلاح و بہبود کے ایک بڑے منصوبے کے تحت واشی ناکہ علاقے میں اوسوال اگرو ملز لمیٹڈ کی 1,06,847.58 مربع میٹر زمین حاصل کر لی ہے۔ اس زمین کا استعمال مختلف عوامی سہولیات کے لیے کیا جائے گا، جیسے قبرستان، پارک، اسپتال، میونسپل اسکول اور کھیل کے میدان۔


یہ منصوبہ علاقے کی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، اور اس کی منظوری میں نواب ملک اور ان کی صاحبزادی ثنا ملک شیخ کا مرکزی کردار رہا ہے۔ ان دونوں نے بی ایم سی افسران کے ساتھ مل کر زمین کی حوالگی کو ممکن بنایا، جس کے بعد مختلف عوامی سہولتوں کی تعمیر کا کام شروع ہوگا۔


منصوبے کے تحت قبرستان کے لیے 16,810.48 مربع میٹر، پارک اور باغات کے لیے 42,835.09 مربع میٹر، اسپتال کے لیے 8,415.62 مربع میٹر، میونسپل اسکول کے لیے 12,011.79 مربع میٹر اور کھیل کے میدان کے لیے 13,559.30 مربع میٹر زمین مختص کی گئی ہے۔ مزید برآں، 13,938.65 مربع میٹر زمین سڑکوں کی چوڑائی کے لیے مخصوص کی گئی ہے تاکہ علاقے کی ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔


عوامی حلقے اس منصوبے کو علاقے کی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دے رہے ہیں، اور شہریوں کو امید ہے کہ جلد ہی اس منصوبے کا کام مکمل ہوگا۔

Comments


bottom of page