top of page

حضرت محمدﷺ کی تعلیم ساری انسانیت کے لیے

میلادالنبی پر غیر مسلموں کو آپ ﷺکی تعلیمات سے متعارف کروانے کاعز م

ممبئی کی سماجی، تعلیمی، سیاسی، صحافتی اور ثقافتی میدانوں میں سرگرم متعدد معروف شخصیات اور تنظیموں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر گزشتہ سال کی طرح امسال بھی 12 روزہ "پیغمبر ﷺ سب کے لیے" مہم کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ امسال یہ مہم 16 ستمبر سے شروع ہو کر 28 ستمبر 2023 تک جاری رہے گی۔منتظمین نے امسال عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر ’پیغمبرﷺِ سب کے لیے‘(PropheForAll#)، کے عنوان سے غیر مسلموں کو آپ کی شخصیت اور تعلیمات سے متعارف کروانے کی مہم کا آغاز آج یہاں مراٹھی پترکار سنگھ میں ہونے والی پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔اس مہم کی غرض بیان کرتے ہوئے ایڈووکیٹ یوسف ابرہانی نے میڈیا سے مخاطب ہو کر کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں میں اس بات کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت اور ان کی تعلیمات کو غیر مسلموں میں بھی عام کیا جائے۔سماجی کارکن سعید خان نے کہا کہ اللہ کے رسول حضرت محمد ﷺ کے دوستی، امن اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مذکورہ مہم کے دوران شہر اور مضافات میں غیر مسلم برادران وطن کے مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماؤں، آی آے ایس، آئی پی ایس افسران، ممبئی کارپوریشن کے افسران اور منترالیہ کے افسران وغیرہ کو ظہرانہ یا عشائیہ پر مدعو کیا جائے گا۔ عامر ادریسی نے کہا کہ ہم شہر کی تمام تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ 8 ربیع الاول 23 ستمبر بروز سنیچر کو صبح گیارہ بجے تمام عوامی مقامات پر رسول اللہ ﷺ کی احادیث مبارکہ اور سیرت کے متعلق پلے کارڈز اور بینرز لے کر کھڑے رہیں۔مولانا برہان الدین قاسمی اور مولانا اعجاز کشمیری نے بتایا کہ 12 ربیع الاول 28 ستمبر بروز جمعرات کو مساجد کے ذریعے تمام مذاہب کے غریبوں اور ضرورت مندوں کو تحفے اور ضرورت کے سامان تقسیم کیے جائیں گے۔ماہنامہ گل بوٹے کے مدیر اور مہم کے کور کمیٹی کے ممبر فاروق سید نے کہا کہ ممبئی شہر کی تمام اسکول اور کالج بھی اس مہم میں شریک ہو رہے ہیں۔ ان تمام سکولوں میں طلبہ کے لیے سیرت پر مبنی مختلف مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔کور کمیٹی کے رکن نظام الدین راعین نے کہا کہ اس موقع پر انگریزی، ہندی، مراٹھی اور گجراتی اخبارات کے سینئر صحافیوں اور مصنفین کو عشائیہ پر مدعو کیا جا رہا ہے اور اس کا مقصد اُن کے روبرو نبی کریمﷺ کی تعلیمات میں سے بطور خاص سماجیات سے جڑی تعلیمات مثلا حقوق انسانی ، ماحولیات ، خاندانی نظام ، عورتوں کے حقوق وغیرہ کو مسلمان اور برادران وطن کے سامنے لانا ہے تا کہ غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جاسکے ۔مہم کے ایک اہم رکن فرید خان نے کہا کہ 23 ستمبر کو ڈاکٹر عظیم الدین کی کوششوں اور میرا روڈ کی مختلف تنظیموں کے اشتراک سے ہم غیر مسلم شعراء کا ایک نعتیہ مشاعرہ منعقد کر رہے ہیں۔ اور ساتھ ہی ساتھ ماہم درگاہ کے اشتراک سے 22 اور 23 ستمبر کو درگاہ کیمپس میں اسلامی آرٹ، کیلی گرافی اور پوسٹر ایگزیبیشن بھی منعقد کر رہے ہیں ۔

Comentarios


bottom of page