4 December 2024
ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پارلیمانی پارٹی اور کور کمیٹی کی میٹنگ میں آج دیویندر فڑنویس کو بی جے پی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے فڑنویس کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ آج شام مہایوتی کا ایک وفد راج بھون پہنچ کر حکومت کی تشکیل کے لیے گورنر کو خط پیش کرے گا۔اطلاعات کے مطابق، جمعرات کو آزادی میدان میں وزراء کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی، جہاں ملک کے کئی اہم لیڈران کی موجودگی متوقع ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی حلف لیں گے۔رات دیر گئے دیویندر فڑنویس نے کارگزار وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے ملاقات کی، جس کے بعد وہ نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے پر راضی ہوگئے۔ نئی حکومت میں اجیت پوار بھی پہلے کی طرح نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔حلف برداری کے دوران وزیر اعلیٰ اور دو نائب وزرائے اعلیٰ کے ساتھ تقریباً 20 وزراء بھی اپنے عہدوں کا حلف لیں گے۔آج صبح بی جے پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بطور مبصر موجود تھیں، جہاں دیویندر فڑنویس کے نام کا اعلان کیا گیا۔مہایوتی حکومت کے تشکیل کا یہ اقدام ریاست کی سیاست میں ایک نیا موڑ لے کر آیا ہے، اور اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ نئی حکومت عوامی توقعات پر کس حد تک پورا اترتی ہے۔