12 January 2025
تھانے،اگرچہ اندھ وشواس نرمولن قانون نافذ ہو چکا ہے، لیکن آج بھی جعلی باباؤں کے ذریعے معصوم لوگوں کو دھوکہ دینے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ بھونڈی میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون سے کالے جادو کے بہانے 8 لاکھ 87 ہزار روپے بٹورے گئے۔ متاثرہ خاتون کا نام نُصرت اختر علیم انصاری (عمر 46 سال) ہے، جو ملت نگر کی رہائشی ہیں۔ دھوکہ دینے والے جعلی بابا کا نام حضرت بابا عرف امجد اسد خان بتایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر علیم اختر بیمار تھے اور کافی علاج کے باوجود ان کی صحت بہتر نہیں ہو رہی تھی۔ اسی دوران خاتون نے جعلی بابا سے رجوع کیا۔ بابا نے خاتون کو یقین دلایا کہ ان کے شوہر پر کالا جادو کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ بیمار ہیں، اور ان کے بیٹے پر بھی کالا جادو کیا گیا ہے۔ بابا نے دعویٰ کیا کہ اگر یہ کالا جادو نہ ہٹایا گیا تو 6 مہینے کے اندر ان کا بیٹا فوت ہو جائے گا۔
لاش کی پوجا کے بہانے پیسے بٹورے
بابا نے خاتون کو ڈرایا اور کہا کہ جادو کے اثر کو ختم کرنے کے لیے قبرستان سے لاش لانی پڑے گی۔ اس سے ان کے شوہر اور بیٹے کی پریشانی ختم ہو جائے گی، اور ان کے مالی حالات بھی بہتر ہو جائیں گے۔ اعتماد جیتنے کے لیے بابا نے گھر میں پوجا کے دوران انڈے سے کیل نکال کر دکھایا۔ اس کے بعد بابا خاتون اور ان کے اہل خانہ کو چندواڑ، مالیگاؤں لے گیا۔
جعلی لاش کا ڈرامہ
چندواڑ میں بابا کے ساتھی نے 10 لاکھ روپے میں لاش دلانے کا کہا، لیکن بابا نے سودے بازی کرتے ہوئے 8 لاکھ روپے میں معاملہ طے کیا۔ بعد میں بابا نے جعلی لاش ایک ڈبے میں رکھ کر اسے غیبی نگر کی ایک عمارت میں رکھنے کا دعویٰ کیا۔ متاثرہ خاتون کو یقین دلانے کے لیے لاش کی تصویر موبائل پر بھیجی گئی۔
سود پر قرض دلا کر مزید دھوکہ
خاتون اور ان کے اہل خانہ اس فراڈ کی وجہ سے قرض کے بوجھ تلے دب گئے۔ جعلی بابا نے انہیں ایک پرائیویٹ ساہوکار سے 9 فیصد ماہانہ سود پر 3 لاکھ روپے قرض بھی دلوایا۔ لیکن جب کوئی مسئلہ حل نہ ہوا تو خاتون کو اندازہ ہوا کہ وہ دھوکہ کھا چکی ہیں۔
اندھ وشواس نرمولن سمیتی کی مداخلت
متاثرہ خاتون نے اندھ وشواس نرموڑن سمیتی کی مکتا دابھولکر سے رابطہ کیا۔ سمیتی کے ضلع صدر وندنا شندے نے پولیس کمشنر سے بات کی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔حضرت بابا گرفتار، تفتیش جاریخاتون کی شکایت پر شانتینگر پولیس اسٹیشن میں حضرت بابا عرف امجد اسد خان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 316(2)، 318(4) اور مہاراشٹر نربلی انسداد قانون 2013 کی دفعہ 3(1) اور 3(2) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے بابا کو گرفتار کر کے بھیونڈی عدالت میں پیش کیا، جہاں اسے 15 جنوری تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔شانتی نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ونایک گائیکواڑ کے مطابق، پولیس یہ جانچ کر رہی ہے کہ بابا نے اس طرح کسی اور کو بھی دھوکہ دیا ہے یا نہیں۔