ممبئی:ممبئی سمیت ریاست کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے، لیکن ریاست کے نصف حصے میں اب تک خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی ہے۔ ریاستی حکومت کو بارش کو وجہ بتا کر قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کو قبل از وقت ختم کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ ایوان میں عوام کے بہت سے مسائل پر بحث ضروری ہے،لیکن ایسا لگتا ہے کہ حکومت بحث سے بھاگ رہی ہے کانگریس پارٹی کا موقف یہ ہے کہ مانسون اجلاس شیڈول کے مطابق پوری مدت کے لیے منعقد کیا جائے۔یہ باتیں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہیں ہیں۔
جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے پٹولے نے کہا کہ یہ باتیں سننے میں آرہی ہیں کہ ریاستی حکومت مانسون اجلاس کو وقت سے پہلے ختم کرنے کی تیاری کر رہی ہے،جبکہ شیڈول کے مطابق یہ اجلاس 4 اگست تک چلنا چاہئے ہے۔ اجلاس کا یہ دوسرا ہفتہ ہے۔ ایسے میں ایک ہفتہ قبل سیشن ختم کرنا درست نہیں ہے۔ آج ریاست میں بہت سے مسائل ہیں۔ کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں، خواتین، بے روزگاری، مہنگائی سمیت بہت سے مسائل پر بات ہونی چاہیے۔ یہ اجلاس تمام پارٹیوں کے نمائندوں کے لیے عوامی مسائل اٹھانے اور ان کے حل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ حکومت کولوگوں کے مسائل کے حل کے لیے کے لیے مکمل وقت تک سیشن چلانا چاہئے۔