top of page

اخلاق اور کردار کی بہتری ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے: یاسمین شیخ


گوونڈی، 29 ستمبر: جماعت اسلامی ہند حلقہ خواتین گوونڈی یونٹ کی جانب سے "اخلاقی محاسن: آزادی کے ضامن" مہم کا کامیاب اختتامی پروگرام منعقد ہوا، جس میں علاقے کی خواتین اور بچیوں کی بھرپور شرکت دیکھی گئی۔ یہ مہم معاشرتی اور اخلاقی تربیت کے فروغ کے لیے چلائی گئی تھی، جس کا مقصد خواتین اور بچیوں کو اخلاقی اقدار اور کردار سازی کی اہمیت سے روشناس کروانا تھا۔



پروگرام کا آغاز سورۃ النور کی تلاوت سے صبا قریشی نے کیا۔ اس کے بعد شبنم فاروق نے افتتاحی کلمات پیش کیے اور پروگرام کی اہمیت اور پس منظر کو بیان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقی اقدار کا فروغ معاشرتی مسائل کے حل کا بنیادی ذریعہ ہے۔

پروگرام میں زاہدہ بیگم، انصاری شفا، صبا قریشی، اور شیخ زوبیہ نے ترانا پیش کیا، جس کے ذریعے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اخلاقی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔



مہمان مقررہ یاسمین شیخ نے اپنے خطاب میں "اخلاقی محاسن آزادی کے ضامن" کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق اور کردار کی بہتری ہی ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کردار سازی معاشرتی ترقی کے لیے اہم ہے، اور ان کی تربیت ہی سے نسلوں کی تربیت ممکن ہے۔

اس کے بعد نازمین شیخ نے "اخلاقی محاسن کی حصولی میں ہمارا رول" کے موضوع پر بات کی اور کہا کہ ہر فرد کا کردار اس کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔ انہوں نے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں۔



پروگرام کے دوران کوئز مقابلے بھی منعقد ہوئے جن میں خواتین اور بچیوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ خواتین کے کوئز مقابلے میں شمع مستقیم نے پہلی پوزیشن، روبینہ حمید نے دوسری، اور فرزانہ حکیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بچیوں کے کوئز مقابلے میں اقرا حمید نے پہلی، شیخ اُم ہانی نے دوسری، اور شیخ شگفتہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انعامات کی تقسیم کی تقریب انصاری نازنین نے انجام دی۔

پروگرام کے اختتام پر مقامی ناظمہ جماعت اسلامی ہند، شہناز عبد العظیم نے اختتامی خطاب کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقی تربیت کا عمل زندگی بھر جاری رہنے والا عمل ہے اور اس کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو مہم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرتی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



پروگرام کی نظامت شیخ شگفتہ نے بخوبی انجام دی۔ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور شرکاء نے اس مہم کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے اس کے اثرات کو سراہا۔ پروگرام نے اس بات کی وضاحت کی کہ معاشرے کی بہتری اور ترقی کے لیے اخلاقی اقدار کو فروغ دینا ازحد ضروری ہے۔

حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند گوونڈی یونٹ

Comments


bottom of page