top of page

"آئین کے گھر کو آگ لگ گئی، گھر کےچراغ سے" وزیر اعظم نریندر مودی کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی رہائش گاہ پر ملاقات سنجے راوت کی تنقید

ممبئی،وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کی رات (11 ستمبر) کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے چندرچوڑ کے گھر میں موجود گنپتی کی مورتی کے درشن کیے اور آرتی میں شرکت کی۔ اے این آئی خبر رساں ایجنسی نے اس ملاقات کی ایک ویڈیو X (سابقہ ٹویٹر) پر شیئر کی ہے۔ چیف جسٹس چندرچوڑ اور ان کی اہلیہ کلپنا داس نے مودی کا استقبال کیا، جس کے بعد مودی نے گنپتی کے درشن کیے اور آرتی میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر مہاراشٹریائی لباس پہنا ہوا تھا۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اس واقعے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے، جبکہ کچھ لوگوں نے اس ملاقات کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے جوڑا ہے۔ چیف جسٹس چندرچوڑ کا تعلق مہاراشٹر سے ہے، اور گنیش اتسو ریاست کا ایک اہم تہوار ہے۔

سنجے راوت کی تنقید:

شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کے رہنما سنجے راوت نے اس ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے چیف جسٹس چندرچوڑ کا نام لیے بغیر اعتراض کیا ہے۔ مودی کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا: "آئین کے گھر کو آگ لگ گئی، گھر کے چراغ سے۔ ای وی ایم کو کلین چٹ مل گئی، مہاراشٹر کی غیر آئینی حکومت کی سماعت میں تین سال سے تاریخ پہ تاریخ چل رہی ہے، جبکہ مغربی بنگال کے ریپ کیس میں خود مداخلت کی، مگر مہاراشٹر کے ریپ کیس پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی ضمانت پر تاریخ پہ تاریخ۔۔۔ یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟ آپ تمام واقعات کو سمجھنے کی کوشش کریں... بھارت ماتا کی جے!"

برا پیغام جا رہا ہے:

سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیا ہے۔ X پر اپنے پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے ذاتی رہائش گاہ پر آنے کی اجازت دی، جو حیران کن ہے۔ آئین کے تحت عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری عدلیہ کی ہے کہ حکومت آئینی حدود میں کام کر رہی ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے سے عدلیہ اور ایگزیکٹو کے درمیان بہت برا پیغام جا رہا ہے۔ اسی لیے عدلیہ اور حکومت کے درمیان ایک فاصلہ ہونا ضروری ہے۔

Comentários


bottom of page